کابل: افغانستان میں لینڈ سلائیڈنگ اور مٹی کے تودے گرنے کے نتیجے میں 25 افراد جاں بحق، 8 زخمی جبکہ متعدد لاپتہ ہو گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق افغانستان کے مشرقی صوبے نورستان میں شدید برفباری جاری ہے جس کی وجہ سے لینڈ سلائیڈنگ اور مٹی کے تودے گرنے کے واقعات رونما ہوئے، ملبے تلے دبنے سے 25 افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ متعدد افراد تاحال لاپتہ ہیں۔صوبائی حکام کا کہنا ہے برفباری کی وجہ سے متاثرین کو نکالنے کیلئے امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، تیز ہواؤں اور بارش کی وجہ سے ہیلی کاپٹر نورستان میں نہیں اتر سکتا، برف گرنے سے اہم سڑک بند ہونے پر ریسکیو آپریشن میں دشواری ہے۔حکام کے مطابق شدید برفباری سے تقریباً 20 مکانات تباہ ہوئے اور متعدد کو بھاری نقصان پہنچا، دور دراز کے علاقے میں آلات کی کمی کی وجہ سے امدادی کاموں میں رکاوٹ پیدا ہوئی، ریسکیو آپریشن کیلئے جدید آلات، اوزار اور سہولیات دستیاب نہیں ہیں۔