لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے میاں اسلم اقبال کی گرفتاری کے پیش نظر رانا آفتاب احمد خان کو وزیراعلیٰ پنجاب کا امیدوار نامزد کردیا۔پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکریٹری اور پنجاب کے قائم مقام صدر حماد اظہر نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اس حوالے سے پیغام جاری کیا۔انہوں نے لکھا کہ میاں اسلم اقبال کو بانی چیرمین عمران خان نے وزیر اعلی پنجاب کا امیدوار نامزد کیا تھا، تاہم سارے صوبے کی پولیس اُن کی گرفتاری کیلیے اسمبلی کے ارد گرد موجود ہے اور اُن کو حراست میں لیے جانے کا خدشہ ہے‘۔حماد اظہر کے مطابق اس صورتحال میں میاں اسلم اقبال اور پارٹی قیادت نے مشاورت کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب کیلیے رانا آفتاب احمد خان کو وزیراعلیٰ پنجاب کا امیدوار نامزد کیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ رانا آفتاب کو بھی 212 زائد ممبران کی حمایت حاصل ہے وہ پانچ بار صوبائی اسمبلی کے ممبر منتخب ہوچکے ہیں۔حماد اظہر نے لکھا کہ جمہوریت کا شب خون مارنے والی ن لیگ کے پاس صرف 40 کے قریب حقیقی ممبر ہیں اور باقی تمام مسترد شدہ 9 فروری کی جعل سازی کی پیداوار ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سنی اتحاد کونسل نے وزیراعلیٰ پنجاب کا امیدوار تبدیل کر کے پہلا یوٹرن لیا ہے۔پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نامزد وزیراعلی پنجاب مریم نواز صوبے کی ترقی کے لئے روڈ میپ اور خواتین کیلیے بھرپور اقدامات کا اعلان کل کرینگی۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی نے ایک بار پھر وزارت عظمی اور وزارت اعلی کا منصب مسلم لیگ ن کو دیا ہے۔