کھیل

پی سی بی میں اکھاڑ پچھاڑ کی تیاریاں مکمل

پی سی بی میں اکھاڑ پچھاڑ کی تیاریاں مکمل

لاہور: پی سی بی میں اکھاڑ پچھاڑ کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں جب کہ آپریشن کلین اپ، تقرریوں و تبادلوں کی لہر بھی چلے گی۔‌پی سی بی کے نئے چیئرمین محسن نقوی نگران وزیر اعلی پنجاب کی ذمہ داریوں سے فارغ ہوچکے اور اب پوری توجہ بورڈ کے معاملات پر مرکوز ہوگی،ان کی چھٹیوں سے واپسی کے بعد اہم فیصلوں کا اعلان ہوگا۔‌ایچ بی ایل پی ایس ایل 9کی ٹرافی کی رونمائی کرتے ہوئے بھی انھوں نے اشارہ دیا تھا کہ جو بھی حکومت آئے اپنی کابینہ بھی لاتی ہے۔‌یاد رہے کہ گورننگ بورڈ میں ریجنز اور ڈپارٹمنٹس کے 4،4اور وزیر اعظم و پیٹرن کے نامزد 2 رکن شامل ہوتے ہیں، اب ان میں ایک اور حکومتی رکن کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس پوزیشن کیلیے چیف سیکریٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی نامزدگی ہوئی ہے۔‌‌دوسری جانب 6سینئر سرکاری افسران کی خدمات پی سی بی کے سپرد کردی گئیں، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو پنجاب سہیل اشرف، ایس پی زین عاصم، ایس پی ارتضی کمیل، ڈپٹی کمشنر جھنگ عبداللہ خرم نیازی، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن رفیع اللہ اور محمد عثمان باجوہ بورڈ میں مختلف امور چلائیں گے۔‌چئیرمین پی سی بی تمام افسروں کی ذمہ داریوں کا تعین کرینگے، ملک میں کرکٹ کی بہتری کیلئے پی سی بی کے آئین میں تبدیلی کی جائے گی۔‌ذرائع کے مطابق سہیل اشرف کو چیف ایگزیکٹو آفیسر کی ذمہ داری سونپی جاسکتی ہے، چیف آپریٹنگ آفیسر کا عہدہ ختم کردیا جائے گا، اس وقت یہ عہدہ سلمان نصیر کے پاس ہے، خرم نیازی کو ڈومیسٹک کرکٹ کی باگ دوڑ سونپی جائے گی، رفیع اللہ ڈائریکٹر میڈیا کے فرائض نبھائیں گے، ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ اور ٹیم مینجمنٹ سمیت دیگر تبدیلیاں کی جائیں گی۔‌‌ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پی سی بی قواعد کے تحت چیف آپریٹنگ آفیسر، ڈائریکٹر یا ملازم کو ایک ماہ کے نوٹس پر فارغ کیا جاسکتا ہے، ڈیپوٹیشن پر سرکاری افسران کی بورڈ میں فی الحال دو سال کے لیے تقرریاں کی جارہی ہیں جن میں توسیع ممکن ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے