راولپنڈی: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ مسلح افواج کو دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کے لیے ہروقت تیار رہنا چاہیے۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے رحیم یار خان کے قریب تربیتی علاقے میں فیلڈ ایکسرسائز کا دورہ کیا۔ آرمی چیف کو مشق شمشیر صحر کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے آرمر، انفنٹری، میکانائزڈ انفنٹری، آرٹلری، ایئر ڈیفنس، اور اینٹی ٹینک گائیڈڈ میزائل سمیت مختلف عناصر کے مربوط فائر اور جنگی مشقوں کا مشاہدہ کیا۔ مشق میں پاک فضائیہ کے طیاروں نے بھی حصہ لیا۔آرمی چیف نے مشق کے علاقے میں فوجیوں کے ساتھ پورا دن گزارا۔ اس موقع پر جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج قوم کی حمایت سے مادر وطن کی سالمیت اور خود مختاری کا دفاع کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔مشق میں شریک فوجیوں کے ساتھ بات چیت کے دوران ارمی چیف نے تربیتی معیارات، آپریشنل تیاریوں اور تمام رینک کے اعلیٰ حوصلے کی تعریف کی۔ شمشیرِ صحرمشق کا مقصد آپریشنل ماحول میں مستقبل کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے درکار پیشہ ورانہ مہارتوں اور میدان جنگ کے طریقہ کار کو بڑھانا تھا۔