خیبر پختونخوا حکومت نے سمندر پار پاکستانیوں کو ڈرائیونگ لائسنس کی آن لائن تجدید کی سہولت فراہم کردی۔پشاور سے جاری اعلامیے کے مطابق خیبر پختونخوا کا لائسنس رکھنے والے اوورسیز پاکستان آن لائن تجدید کراسکیں گے۔صوبائی حکومت کے فیصلے کے بعد خیبر پختونخوا سمندر پار پاکستانیوں کےلیے ڈرائیونگ لائسنس کی آن لائن تجدید کرنے والا پہلا صوبہ بن گیا۔اعلامیے کے مطابق لائسنس کی تجدید کےلیے بیرون ملک مقیم پاکستانی متعلقہ سفارتخانے کے ذریعے ای میل درخواست دے سکتے ہیں۔صوبائی حکومت نے اعلان کیا کہ درخواست گزاروں کی دستاویزات کے نقول کی تصدیق کے بعد تجدیدی ڈرائیونگ لائسنس کا اجراء ہوگا۔اعلامیے کے مطابق تجدیدی ڈرائیونگ لائسنس درخواست گزار کے نامزد کردہ مقامی شخص کے حوالے کیا جائے گا۔صوبائی حکومت کے مطابق ٹریفک پولیس خیبر پختونخوا نے پاکستانی سفارتی مشنز کو آگاہ کرنے کے لیے وزارت خارجہ کو مراسلہ ارسال کردیا۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخو علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس کی آن لائن تجدید کی سہولت سمندر پار پاکستانیوں کا دیرینہ مطالبہ تھا، بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کا اثاثہ ہیں۔وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ لائسنس کی آن لائن تجدید سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو وقت اور وسائل کی بچت ہوگی۔