تل ابیب: حماس نے اسرائیل کے فوجی ہیڈ کوارٹر پر میزائل حملہ کر کے 3 اسرائیلی فوجیوں کو جہنم واصل کر دیا جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے۔غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حماس کی جانب سے اسرائیل کے فوجی ہیڈ کوارٹر پر 10 میزائل داغے گئے، حماس نے میزائل کرم شالوم کے علاقے میں فائر کیے گئے، حملوں میں 3 اسرائیلی فوجی موقع پر دم توڑ گئے جبکہ درجنوں شدید زخمی ہوئے جن میں سے کئی فوجیوں کی حالت تشویشناک ہے، حملوں کے باعث کرم شالوم راہداری بند کر دی گئی۔دوسری جانب اسرائیل نے کریم شالوم کے علاقے میں حماس کے راکٹ حملے میں تین فوجی مارے جانے کی تصدیق کر دی، حماس کے راکٹ حملے میں مارے جانے والوں میں گیواتی بریگیڈ کا سارجنٹ ریوین مارک مورڈیچائی اسولن اور سارجنٹ آئیڈو ٹیسٹا شامل ہیں۔حماس کے جنگجوؤں کی حملے میں ہلاک ہونے والے تیسرے اسرائیلی فوجی سارجنٹ تل شویت کا تعلق اسرائیلی فوج کی نہال بریگیڈ سے تھا۔