پشاور: خیبرپختونخوا اسمبلی میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور سابق خاتون اول بشری بی بی کی رہائی کیلیے قرار داد عددی اکثریت سے منظور کرلی گئی۔تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا اسمبلی کے اجلاس میں سابق اسپیکر مشتاق غنی نے قرارداد پیش کی جس میں بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔قرارداد میں کہا گیا ہے کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کو غیر قانونی طور پر حراست میں رکھا گیا ہے لہذا یہ ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ انہیں فوری طور پر رہا کیا جائے۔اس کے علاوہ قرارداد میں نو مئی واقعات کی جوڈیشل انکوائری اور عسکری تنصیبات سمیت دیگر مقامات کی سی سی ٹی وی فوٹیج پبلک کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔حکومتی اراکین نے قرارداد کو منظور کرلیا جبکہ اپوزیشن اراکین نے اس کی مخالفت کی۔اپوزیشن لیڈر عباد اللہ نے گورنر کی منظوری کے بغیر اجلاس بلانے پر اعتراض اٹھایا اور کارروائی کو غیر آئینی قرار دیا۔اسپیکر نے کارروائی مکمل ہونے کے بعد اجلاس پیر کی دوپہر دو بجے تک ملتوی کردیا۔