سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی واحد حقیقی سیاسی جماعت تھی، شہباز شریف حکومت نہیں چلا پارہے تو استعفیٰ دیں اور گھر چلے جائیں، ہماری جماعت میں دیانتدار اور باصلاحیت لوگ شامل ہوں گے۔سوشل میڈیا پر انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کی حمایت یافتہ جماعتیں ہی اقتدار میں آتی ہیں لیکن ہم اقتدار چھوڑ کر یہاں آئے ہیں۔ جب حکومت کے پاس صلاحیت نہیں ہوتی تو اسٹیبلشمنٹ کو موقع ملتا ہے اور وہ اپنی جگہ بنا لیتی ہے۔شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہا عمران خان اور اسٹیبلشمنٹ کی لڑائی ذاتی نہیں، مقصد اقتدار کا حصول ہے۔ جب عدلیہ سیاست میں حصہ لے تو ملک کو بہت نقصان پہنچتا ہے، ہم سب کو اپنی کرسیاں چھوڑ کر ملک کی بات کرنا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن سے کوئی ناراضی نہیں ہے، میرا 35 سال کا تعلق ہے اور میں جماعت کے سینیئر ترین لوگوں میں شمار تھا۔ اب میں اس سیاست سے اتفاق نہیں کرتا جس کا چناؤ اس وقت مسلم لیگ ن نے کیا ہے۔ن لیگ کے منحرف رہنما نے کہا کہ نواز شریف جب بھی حکم کریں گے میں حاضر ہو جاؤں گا، میں چاہتا ہوں کہ رشتہ قائم رہے۔ ہم ووٹ کو عزت دو کی سیاست کے ساتھ تھے لیکن آج کی سیاست کچھ اور ہے۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ 30 سالوں میں صرف پاکستان تحریک انصاف ہی ایک حقیقی سیاسی جماعت کے طور پر سامنے آئی۔ باقی جماعتیں بوقت ضرورت بنائی گئیں۔ اس وقت بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ کوئی نئی سیاسی جماعت ہونی چاہیے۔انہوں نے بتایا کہ میری سیاسی جماعت 3 سے 4 ہفتوں میں قیام ہو جائے گا اس کا نام ‘عوام پاکستان’ ہو گا، پارٹی کے باضابطہ اعلان کے بعد سب کے پاس جائیں گے اور اس میں شمولیت کی دعوت دیں گے۔ چاہتے ہیں لوگ ہماری جماعت اور دیگر جماعتوں میں فرق محسوس کریں.