اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے ترنول میں آج ہر صورت جلسہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے اچانک جلسے کا اجازت نامہ منسوخ کرنے کے بعد تحریک انصاف کی اعلیٰ قیادت کا مشاورتی اجلاس خیبرپختونخوا ہاؤس ہوا جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔اجلاس میں تحریک انصاف کی قیادت نے ترنول میں آج ہر صورت جلسہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب نے کہا کہ صبح ہائی کورٹ سے رجوع کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ کارکنوں کی آمد کا سلسلہ کل سہ پہر دو بجے سے ہو گا، قافلے تین بجے سے ترنول پہنچنا شروع ہو جائیں گے، کل شام چھ بجے ترنول کے مقام پر ہزاروں کارکن پہنچیں گے، جو بھی ہو ہم جلسہ کرکے رہیں گے۔دوسری جانب انتظامیہ کی جانب سے اجازت نامہ منسوخ کرنے کے بعد پولیس کی بھاری نفری ترنول جلسہ گاہ پہنچی اور جلسہ گاہ کو خالی کروا کے پولیس و انتظامیہ نے اسٹیج ہٹا دیا۔اس کے علاوہ پنڈال میں اسٹیج کے لئے رکھے گئے کنٹینر بھی ہٹا دیے گئے۔ پولیس نے مؤقف دیا کہ جلسے کے لئے این او سی نہیں اس لئے جگہ خالی کی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ پولیس کی موجودگی میں خاردار تاروں سمیت سامان کو اٹھایا جا رہا ہے۔