پاکستان

وزیراعلیٰ کا بنوں جرگہ کے تمام گیارہ مطالبات سے اتفاق، حتمی منظوری اپیکس کمیٹی اجلاس میں دی جائیگی

اسلام آباد: وزیراعلیٰ خیبر پختون خوا نے بنوں جرگہ کے گیارہ مطالبات سے اتفاق کیا ہے تاہم حتمی منظوری اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں دی جائے گی۔‌خیبرپختونخوا ایپکس کمیٹی کا اجلاس کل متوقع ہے جس کی صدارت وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کریں گے۔‌ذرائع کے مطابق اجلاس میں بنوں جرگہ کی جانب سے امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا پروفیسر ابراہیم سمیت دیگر ارکان کی شرکت متوقع ہے، اجلاس میں بنوں جرگہ کی جانب سے پیش کردہ 11 مطالبات پیش کیے جائیں گے جن پر غور ہوگا۔‌ذرائع کا کہنا ہے کہ بنوں جرگہ کے مطالبات میں بنوں میں عزم استحکام پاکستان آپریشن کی مخالفت اور بنوں میں گڈ اور بیڈ طالبان کے مراکز کا مستقل طور پر خاتمے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔‌ دیگر مطالبات میں کہا گیا ہے کہ سرچ آپریشن کے نام پر مدارس، گھروں اور افراد کی بےعزتی نہ کی جائے، جمعہ خان روڈ عوام کی سہولت کے لیے بند نہ کیا جائے، علاقہ میں طالبان کی پٹرولنگ کا نوٹس لیاجائے اور مقامی انتظامیہ کو کارروائی کا مکمل اختیار دیا جائے، مقامی پولیس کی استعداد میں اضافہ اور پولیس کے وسائل اور ضروریات کو پورا کیا جائے, پولیس کو باتفریق ایکشن کا مکمل اختیار دیا جائے، سی ٹی ڈی پولیس کو مکمل فعال اور دہشت گردوں و جرائم پیشہ عناصرکے خلاف کارروائی کا مکمل اختیار دیا جائے۔‌مطالبہ کیا گیا ہے کہ مدارس، گھروں پر بلاجواز چھاپے نہ لگائے جائیں تاکہ عوام میں اشتعال انگیزی اور بے چینی نہ پھیلے، بیڈ طالبان کے خلاف سی ٹی ڈی کو مقامی سطح پر کارروائی کا مکمل اختیار دیا جائے جو بلا روک ٹوک اور دباﺅ کے ہو، دہشت گردی میں زخمی پولیس اہلکاروں کا علاج سی ایم ایچ میں کیا جائے۔‌ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ بنوں جرگہ کے مطالبات سے اصولی طور پر اتفاق کرچکے ہیں تاہم حتمی منظوری ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں دی جائے گی، وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور جمعہ کے روز بنوں کا دورہ کرتے ہوئے مطالبات منظوری کا حتمی اعلان کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے