تجارت

ڈالر انٹربینک مارکیٹ میں مہنگا، اوپن مارکیٹ میں 25 پیسے سستا ہوگیا

ڈالر انٹربینک مارکیٹ میں مہنگا، اوپن مارکیٹ میں 25 پیسے سستا ہوگیا

کراچی: انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 10 پیسے مہنگا جبکہ اوپن مارکیٹ میں 25 پیسے کی کمی سے 279روپے 75پیسے کا ہوگیا۔‌چینی آئی پی پیز کی جانب سے پاور ٹیرف معاہدے پر نظرثانی نہ کرنے کی اطلاعات اور پاکستان کو درپیش ایکسٹرنل مالی خلا جیسے عوامل کے باعث انٹربینک مارکیٹ میں بدھ کو بھی ڈالر کی قدر میں اضافے کا تسلسل برقرار رہا۔‌ڈالر کی قدر انٹربینک اور اوپن مارکیٹ ایک دوسرے کی مخالف سمت پر گامزن رہیں۔‌وفاقی وزیرخزانہ کے دورہ چین میں چائنیز آئی پی پیز کے 15 ارب ڈالر کے واجبات کی ادائیگیاں ری شیڈول کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن تین چائنیز آئی پی پیز کی جانب سے اس سلسلے میں مذاکرات کے امکان کو مسترد کرنے کی خبریں انٹربینک مارکیٹ پر اثرانداز رہیں۔‌انٹربینک مارکیٹ میں کاروباری دورانیے کے دوران ڈالر کی قدر ایک موقع پر 3 پیسے کی کمی سے 278روپے 37پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی لیکن سپلائی بڑھتے ہی مارکیٹ فورسز کی جانب سے خریداری کی سرگرمیاں بڑھنے سے ڈالر نے یو ٹرن لیا۔‌کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ 10 پیسے کے اضافے سے 278 روپے 50 پیسے کی سطح پر بند ہوئے جبکہ اس کے برعکس اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 25 پیسے کی کمی سے 279 روپے 75 پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے