اسلام آباد:قومی اسمبلی کے اجلاس میں رحیم یار خان کے حلقہ این اے 171 سے منتخب ہونے والے پیپلزپارٹی کے رکن مخدوم طاہر رشیدالدین نے حلف اٹھا لیا۔ڈپٹی سپیکر غلام مصطفیٰ شاہ کی زیرصدارت قومی اسمبلی کا اجلاس جاری ہے، اجلاس کے آغاز پر نومنتخب رکن سے ڈپٹی سپیکر نے حلف لیا۔دوسری جانب آئینی ترامیم کا مجوزہ پیکیج آج کے بجائے کل اتوار کو قومی اسمبلی میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق آئینی ترمیمی بل 2 ارکان اسمبلی کے بیرونِ ملک ہونے کی وجہ سے آج پیش نہ کیے جانے کا امکان ہے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ لیگی رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز فرانس سے اور جے یو آئی (ف) کے رکن مولانا عبدالغفور حیدری چین سے آج وطن واپس پہنچ جائیں گے۔اعلیٰ حکومتی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ آئینی ترامیم کل پارلیمنٹ میں پیش کی جا سکیں گی۔ذرائع نے بتایا ہے کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس کل بروز اتوار بلائے جانے کا امکان ہے۔