اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے مخصوص نشستوں کے اکثریتی فیصلے پر الیکشن کمیشن کی ابہام کی درخواست پر تحریری حکم جاری کر دیا۔جسٹس منصور شاہ نے چار صفحات پر تفصیلی فیصلہ جاری کیا، اکثریتی فیصلہ دینے والے 8 ججز کی جانب سے الیکشن کمیشن کی متفرق درخواست پر فیصلہ پر عملدرآمد کے لیے وضاحت جاری کی گئی۔سپریم کورٹ کے اکثریتی فیصلہ دینے والے ججوں نے وضاحت میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی وضاحت کی درخواست تاخیری حربہ ہے، الیکشن کمیشن کی وضاحت کی درخواست عدالتی فیصلہ پرعملدر آمد کے راستہ میں رکاوٹ ہے۔فیصلے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کی وضاحت کی درخواست درست نہیں، الیکشن کمیشن نے خود بیرسٹر گوہر کو پارٹی چیئرمین تسلیم کیا، الیکشن کمیشن وضاحت کے نام پر اپنی پوزیشن تبدیل نہیں کر سکتا۔