روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ ایک بار پھر بڑی جنگ کے دہانے پر ہے اور کچھ لوگ چاہتے ہیں کہ ایسا ہو کر رہے۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے خطاب میں روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا کہ اس سے پہلے کہ صورتحال مکمل طور پر قابو سے باہر ہو، تشدد روکنا ہوگا کیونکہ کچھ لوگ ایسے ہیں جو خطے میں بڑی جنگ پر اکسا رہے ہیں۔روس کے وزیر خارجہ نے لبنان پر اسرائیل کے اندھا دھند حملوں کی مذمت کی اور کہا کہ عام شہری ان حملوں کا نشانہ بن رہے ہیں۔انہوں نے خبردار کیا کہ اسرائیل نے جو راستہ چُنا ہے اس سے نہ تو اسرائیل میں نقل مکانی پر مجبور افراد شمالی علاقے میں واپس آسکیں گے اور نہ ہی لبنان اسرائیل سرحد پر سیکیورٹی یقینی بنائی جاسکتی ہے۔سرگئی لاوروف نے زور دیا کہ امریکا کے پاس چوائس ہے کہ وہ فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرے یا ان کوششوں کو روکتا رہے۔انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کے اراکین فلسطین اور اسرائیل کے عوام کے مفادات کو اپنے تنگ نظر سیاسی مفادات پر ترجیع دیں، فوری جنگ بندی کا مطالبہ کریں، تمام یرغمالی رہا کرائے جائیں اور بلا روک ٹوک انسانی امداد یقینی بنائی جائے۔