امریکی وزیرِ خارجہ انٹونی بلنکن کا کہنا ہے کہ سوڈان میں امریکی سفارتی عملے کا قافلہ فائرنگ کی زد میں آ گیا۔ انہوں نے بتایا ہے کہ سوڈان میں فائرنگ کی زد میں آئے امریکی سفارتی عملے کے ارکان محفوظ رہے۔ امریکی وزیرِ خارجہ انٹونی بلنکن کے مطابق ابتدائی اطلاعات کے مطابق فائرنگ پیرا ملٹری فورسز کی جانب سے ہوئی، اس حوالے سے سوڈانی آرمی چیف اور آر ایس ایف کے لیڈر سے علیحدہ علیحدہ ٹیلی فونک گفتگو کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ سوڈان میں امریکی سفارتی عملے کو درپیش کوئی بھی خطرہ قبول نہیں کیا جائے گا۔ امریکی وزارتِ خارجہ کے مطابق امریکی وزیرِ خارجہ انٹونی بلنکن نے سوڈان میں فوج اور پیرا ملٹری فورسز کیدرمیان جھڑپوں کے حوالے سے سوڈانی آرمی چیف اور پیرا ملٹری فورسز کے لیڈر سے گفتگو کی ہے۔ امریکی وزارتِ خارجہ نے بتایا ہے کہ اس گفتگو کے دوران بلنکن نے فریقین سے سیز فائر پر رضا مند ہونے پر زور دیا ہے۔ امریکی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ دونوں فریق سوڈانی شہریوں، سفارتی عملے اور انسانی حقوق کے کارکنان کے تحفظ کے ذمے دار ہیں۔ واضح رہے کہ امریکی وزیرِ خارجہ انٹونی بلنکن جی 7 وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کے لیے جاپان میں ہیں۔ ادھر سوڈان میں اقوامِ متحدہ کے نمائندے واکر پرتھیس نے اس حوالے سے جاری کیے گئے بیان میں کہا ہے کہ فریقن نے اب تک بات چیت کے لیے آمادہ ہونے کا کوئی اشارہ نہیں دیا ہے۔ واکر پرتھیس کے مطابق سوڈان میں جھڑپوں میں اب تک 185 افراد ہلاک جبکہ 1800 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق سوڈان میں فوج اور پیرا ملٹری فورسز کے درمیان جھڑپیں ہفتے سے جاری ہیں ۔