صحت

لیموں کے غیرمعمولی طبی فوائد

لیموں کے غیرمعمولی طبی فوائد

کراچی: لیموں قدرت کے انمول تحفوں میں سے ایک ہے۔ گرمیوں کی آمد ہے اور لیموں پانی آپ کے لیے بہت سے فوائد کی وجہ بنتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ گرمیاں لیموں کے استعمال کا بہترین موقع فراہم کرتی ہیں۔ لیموں وٹامن سی سے بھرپور ہوتا ہے اور یوں ہمارے جسم کو آکسیڈیٹو اسٹریس سے محفوظ رکھتے ہوئے کینسر سمیت کئی امراض سے بچاتا ہے۔ لیموں کے متعلق لاتعداد سائنسی تحقیق کی گئی ہے جس میں یہ قلب کے لیے بھی مفید ثابت ہوا ہے۔ ایک تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ روزانہ 24 گرام لیموں پانی اگر ایک ماہ تک استعمال کیا جائے تو اسے خون میں کولیسٹرول کی سطح کم ہوتی ہے۔ یہ وہی کولیسٹرول ہے جو خون کو گاڑھا کرکے فالج اور امراضِ قلب کی وجہ بنتا ہے۔ بعض تحقیقات بتاتی ہیں کہ لیموں کا باقاعدہ استعمال وزن کم کرنے میں بہت مددگار ثابت ہوتا ہے۔ مثلا ایک خیال تو یہ ہے کہ لیموں میں حل پذیر ریشہ (فائبر) پیکٹن بھی پایا جاتا ہے۔ جب یہ فائبر معدے میں جاتا ہے تو پھیل کر ہمیں پیٹ بھرے ہونے کا احساس دلاتا ہے۔ اس طرح اندھا دھند کھانے سے ہم بچ جاتے ہیں۔ دوسرا خیال ہے کہ نیم گرم پانی میں لیموں نچوڑ کر بالخصوص پیٹ کی چربی گھلانے میں مدد ملتی ہے۔ ایک اور تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ جب موٹے چوہوں کو لیموں کے پولی فینولز کیمیکل دیئے گئے تو دیگر چوہوں کے مقابلے میں وہ تیزی سے پتلے ہونے لگے۔ ہم جانتے ہیں کہ گردے کی پتھری کا علاج کیا جائے تب بھی اس کے دوبارہ بننے کے خطرات اپنی جگہ برقرار رہتے ہیں۔ اس ضمن میں لیموں کا عرق ایک شافی علاج کے طور پر جانا جاتا ہے۔ لیموں میں موجود سٹرک ایسڈ ایک جانب تو پیشاب کو بڑھاتا ہے اور اس کے پی ایچ میں اضافہ کرتا ہے۔ ان دونوں صورتوں میں گردوں میں پتھری بننے کا امکان کم ہوجاتا ہے۔ یہ بات سائنسی طور پر ثابت ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے