کراچی میں سپریم کورٹ کے حکم پر طارق روڈ پر تجاوزات ہٹانے کا کام مکمل کرکے پارک بحال کرادیا گیا۔ ڈی ایم سی ایسٹ کے مطابق عدالتی حکم پر کی جانے والی کارروائی میں تمام تعمیرات منہدم کردی گئیں جس میں پارک میں غیرقانونی طور پر قائم کلب، مدرسہ اور 10 دکانیں مسمار کی گئی ہیں۔
ڈی ایم سی کا کہنا ہےکہ پارک میں قائم رہائش گاہیں بھی توڑ دی گئیں اور پارک سے تجاوزات گرانے کے ساتھ ساتھ ملبہ بھی صاف کردیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق رات بھر جاری رہنے والا آپریشن 3 بجے مکمل کیا گیا، اس دوران پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے کراچی کے علاقے طارق روڈ پر واقع مدینہ مسجد سے ملحقہ پارک کو بحال کرنے کا حکم دیا تھا جس کے بعد انتظامیہ نے فوری طور پر آپریشن شروع کیا تھا۔