وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ صحت کارڈ کے حامل افراد کراچی سمیت ملک کے کسی بھی شہر میں مخصوص نجی اسپتالوں میں علاج کروا سکتے ہیں۔
ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ مخصوص اسپتالوں میں علاج کروالے والے مریضوں کو علاج کی رقم کے لیے ادائیگی نہیں کرانی، اسپتال اور حکومت کا مقرر کردہ محکمہ خود معاملات طے کرے گا۔ پاکستان میں کورونا کی پانچویں لہر کی تصدیق کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ اومی کرون کے کیسز ہر جگہ سے آ رہے ہیں، کراچی میں مثبت اومی کرون ویرینٹ کیسز کی شرح 8.9 فیصد جبکہ لاہور اور پشاور میں 2.2 فیصد ہے۔
معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ ویکسین شدہ افراد بھی کورونا کا شکار ہو رہے ہیں لیکن شرح کم ہے، این سی او سی کے اجلاس میں موجودہ صورت حال کا جائزہ لیں گے۔