راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول کے نوسیری سیکٹر کے اگلے مورچوں کا دورہ کیا اور وہاں تعینات جوانوں سے ملاقات کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ایل او سی کے دورہ کے موقع پر چیف آف آرمی اسٹاف کو ایل او سی کی تازہ ترین آپریشنل صورتحال اور فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔ چیف آف آرمی سٹاف قمر جاوید باجوہ نے افسران اور جوانوں کے ساتھ بات چیت کے دوران مسلسل چوکسی اور آپریشنل تیاریوں کے لیے ان کی تعریف کی۔ قبل ازیں چیف آف آرمی سٹاف کے پہنچنے پر کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔