تازہ ترین کھیل

پاک بھارت میچ موسم کے تیوربگڑنے کاخدشہ

پاک بھارت میچ موسم کے تیوربگڑنے کاخدشہ

کراچی: ورلڈ کپ کے دوران پاک بھارت میچ میں بارش کی وارننگ جاری ہوگئی جب کہ 23 اکتوبر کو میزبان شہر میلبورن میں موسم کے تیور بگڑنے کا 60 فیصد امکان ہے۔ آج سے شروع ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان اپنا پہلا میچ سپر 12 راؤنڈ میں بھارت سے 23 اکتوبر کو کھیلے گا، یہ مقابلہ میلبورن کرکٹ گرانڈ میں شیڈول ہے جس میں 90 ہزار سے زائد تماشائیوں کی شرکت متوقع ہے، البتہ اس میچ کیلیے بارش نے خطرے کی گھنٹی بجانا شروع کردی۔ موسم کے حوالے سے سامنے آنے والی ابتدائی رپورٹ کے مطابق میلبورن میں 60 فیصد بارش کا امکان ہے، شائقین نے دعائیں کرنا شروع کردیں کہ اگلے اتوار کو موسم خوشگوار رہے تاکہ انھیں دنیائے کرکٹ کی سب سے بڑی 2 حریف ٹیموں کے درمیان مقابلے سے لطف اندوز ہونے کا موقع مل سکے۔ آسٹریلیا کا موسم ان دنوں کافی سرد ہے ، پاک بھارت میچ کے دوران بھی کم سے کم درجہ حرارت 10 اور زیادہ سے زیادہ 17 رہنے کا امکان ہے۔ حالیہ کچھ عرصے کے دوران میگا ایونٹس میں پاکستان اور بھارت کے میچز بارش سے متاثر ہوتے رہے ہیں، ان میں 2013 کی چیمپئنز ٹرافی برمنگھم، 2016 کے ٹی 20 ورلڈ کپ کا کولکتہ میں میچ اور 2019 ورلڈ کپ کا برمنگھم میں کھیلا جانے والا مقابلہ شامل ہے، موسم کی مداخلت کے باوجود یہ مقابلے نتیجہ خیز ثابت ہوئے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے