پشاور : عوامی نیشنل پارٹی اور حکومتی اتحاد کے مشترکہ امیدوار حاجی غلام احمد بلور نے حلقہ این اے 31 کے نتائج ماننے سے انکار کرتے ہوئے انہیں چلینج کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ عوامی نیشنل پارٹی بزرگ سیاستدان اور ضمنی الیکشن میں این اے 31 کے امیدوار حاجی غلام احمد بلور نے نتائج تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے عدالتی جنگ لڑنے کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ مجھے سازش کے تحت ہرایا گیا ہے، صوبائی حکومت نے میرے خلاف سرکاری مشینری استعمال کی، میں ہارا نہیں مجھے سازش کے تحت ہروایا گیا ہے میں قانونی جنگ لڑوں گا۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنی جماعت کارکنوں کا شکر گزار ہوں کہ وہ میرے ساتھ کھڑے رہے اتحادی جماعتوں نے بھی اپنی استطاعت کے مطابق کام کیا۔ غلام احمد بلور کا کہنا تھا کہ پولنگ اسٹیشن کے اندر بیٹھے ایجنٹ سرکاری ملازمین ہی تھے جن کی مدد سے نتائج کو تبدیل کیا گیا، جس کے خلاف میں ساتھیوں سے مشاورت کے بعد قانونی جنگ لڑوں گا۔ غلام بلور کا کہنا تھا کہ عمران خان کی مقبولیت میں کمی ہوئی ہے 2013 کے الیکشن میں عمران خان نے 90 ہزار ووٹ لیے تھے اور اب ووٹوں کی تعداد کم ہوگئی ہے۔