نیویارک: امریکا میں پولیس نے 30 سال قبل ہونے والے جوڑے کا کیس حل کرتے ہوئے داماد کو حراست میں لے لیا۔ امریکی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق ریاست ورمونٹ کی پولیس نے تین دہائیاں قبل قتل ہونے والے جوڑے کے قاتل کا سراغ لگا لیا، جو کوئی اور نہیں بلکہ ان کا اپنا ہی داماد تھا۔ پولیس کے مطابق 76 سالہ جیورج اور 73 سالہ کیتھرین کو ستمبر 1989 میں ان کی رہائش گاہ پر چھروں کے وار سے قتل کیا گیا تھا اور موقع پر کوئی شواہد موجود نہیں تھے۔ پولیس نے موقع پر موجود خون کے ایک قطرے کے نمونے کو شواہد کے طور پر حاصل کیا اور پھر اس کا ڈی این اے ٹسیٹ کروایا، جس کی رپورٹ آنے کے بعد ملزم کی تلاش شروع کی گئی۔ تیس سال کی طویل جدوجہد کے بعد پولیس نے 79 سالہ انتھونی لوئس کو جوڑے کے قاتل کا سراغ لگایا جو نیویارک میں مقیم ہے، درخواست پر نیویارک پولیس نے اسے گرفتار کیا۔ 79 سالہ ملزم نے دوران تفتیش اپنے جرم کا اعتراف بھی کیا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ لوئیس کو ورمونٹ میں حوالگی کی کارروائی کے لیے نیویارک میں جیل بھیج دیا گیا ہے، جہاں سے واپسی پر اسے متعلقہ پولیس گرفتار کرے گی۔ پولیس کے مطابق ملزم مقتولین کا داماد تھا، جس پر لواحقین نے آغاز میں شک کا اظہار کیا تھا مگر ایسے کوئی شواہد نہیں تھے جس کی بنیاد پر اسے گرفتار کیا جاتا، تاہم مئی 2020 میں جب ڈی این اے کی رپورٹ آئی تو کیس کی گتھی سلجھ گئی۔