سابق صدر آصف علی زرداری نے سانحہ کار ساز کے بہادر شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج بینظیر بھٹواور ان کے ہزاروں جیالوں کے خون سے جمہوریت قائم ہے۔ آصف ولی زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے قائد کے مشن کی تکمیل کی اور 73 کے آئین کو اصل صورت میں بحال کیا، سوات میں دوبارہ قومی پرچم سربلند کیا اور صوبوں کو خودمختاری دی، گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے عوام کو بھی شناخت دی۔ مستحق خواتین کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے ثمرات میں حصہ دار بنایا، معاشی اور سماجی طور کمزور طبقات کو معاشی اور سماجی انصاف مہیا ہوگا، بینظیر بھٹوکی جدوجہد کو پایہ تکمیل تک پہنچا کر اختیارات پارلیمان کو واپس دلوائے، آج ملک کا پسماندہ علاقہ تھرکوئلے سے بجلی پیدا کر رہا ہے۔ سابق صدر نے کہا کہ ہم سانحہ کار ساز کے بہادر شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، آج بینظیر بھٹواور ان کے ہزاروں جیالوں کے خون سے جمہوریت قائم ہے، پیپلزپارٹی عہد کرتی ہے چاہے کچھ بھی ہو جائے جمہوریت پر آنچ آنے نہیں دیگی, 18ویں آئینی ترمیم ملک کی سالمیت اور بقا کی ضمانت ہے.