اسلام آباد: پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے آڈیو لیکس کی تحقیقات اور مزید آڈیوز کو لیک ہونے سے روکنے کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا۔ عمران خان نے آڈیو لیکس کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن کو مشترکہ تحقیقات ٹیم بنانے کی استدعا کردی۔ اپنی درخواست میں چیئرمین پی ٹی آئی نے وزارت داخلہ، دفاع، آئی ٹی اور وزارت اطلاعات، آئی بی، ایف آئی اے اور پیمرا کو فریق بنایا ہے۔ درخواست میں عمران خان نے موقف اختیار کیا ہے کہ وزیر اعظم ہاس اور آفس کی نگرانی، ڈیٹا ریکارڈنگ اور آڈیو لیکس کو غیر قانونی قرار دیا جائے۔ عمران خان نے مزید آڈیوز کو لیک ہونے سے روکنے کی بھی استدعا کردی اور کہا ہے کہ آڈیو لیکس کی تحقیقات کے ذریعے ذمہ داران کو سزا دی جائے، حکومت اور متعلقہ اتھارٹیز کو مزید آڈیوز کی ریلیز کو روکنے کا حکم دیا جائے۔