راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی اور علاقائی معاملات میں امارات کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق آرمی چیف سے متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ دفاعی و سکیورٹی تعاون اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان عالمی اور علاقائی معاملات میں امارات کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،ہم اپنے دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کے منتظر ہیں۔ آرمی چیف نے متاثرین کی جلد از جلد بحالی کی امید ظاہر کی اور سیلاب متاثرین کے لیے متحدہ عرب امارات کی حکومت کی طرف سے فراہم کردہ غیر معمولی مدد کو سراہا۔ دونوں فریقین نے دوستانہ تعلقات اور پائیدار تزویراتی شراکت داری کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا،معزز مہمان نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی پر دکھ کا اظہار کیا، متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی۔ اس موقع پر مہمان سفیر نے علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو بھی سراہا،سفیر نیپاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کیا۔