اسلام آباد: ملک میں حالیہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں 0.35 فیصد اضافہ ہوا ہے اورسالانہ بنیادوں پر حالیہ ہفتے مہنگائی کی شرح 27.13 فیصد رہی ہے۔ وفاقی ادارہ شماریات نے ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی رپورٹ جاری کر دی ہے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ ہفتے 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا اور 14 اشیا کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی جبکہ 14 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہی ہیں۔ حالیہ ہفتہ نمک کی قیمتوں میں 4.84 فیصد،ٹماٹر قیمتوں میں2.63 فیصد، خشک دودھ قیمتوں میں 2.22 فیصد، چائے کی پتی کی قیمتوں میں 1.24 فیصد، تازہ دودھ کی قیمتوں میں1.23 فیصد، ایری سکس چاول کی قیمتوں میں 1.02 فیصد آگ جلانے والی لکڑی کی قیمتوں میں 1.57 فیصد اضافہ اضافہ ہوا۔ رپورٹ میں بتایا کہ آلو کی قیمتوں میں 1.88فیصد، ایل پی جی کی قیمتوں میں 0.45 فیصد، دال مسور کی قیمتوں میں 3.63 فیصد، دال مونگ کی قیمتوں میں 1.13فیصد،دال ماش کی قیمتوں میں 1.74 فیصد، چکن کی قیمتوں میں 3.49 فیصد اور آٹے کی قیمتوں میں 1.95 فیصد کمی ہوئی۔ گزشتہ ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اعشاریہ کے لحاظ سے سالانہ بنیادوں پر 17 ہزار 732 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح میں 22.65 فیصد، 17 ہزار 733 روپے سے 22 ہزار 888 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح میں 22.01 فیصد، 22 ہزار 889 روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلیے مہنگائی کی شرح میں26.14 فیصد رہی۔