لاہور: وزیراعظم شبہاز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کے لیے آرمی چیف نے اہم کردار ادا کیا، یہ میری نہیں پوری قوم کی اجتماعی کامیابی ہے۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کل خوش قسمت دن تھا کہ اللہ تعالی نے ہمیں دو خوش خبریاں دیں، جب سے پاکستان گرے لسٹ میں آیا تھا ہماری معاشی صورتحال کو کاروباری حضرات کو مشکل پیش آتی تھی، پاکستان فیٹف (ایف اے ٹی ایف) کی گرے لسٹ سے نکلا ہے، پوری قوم کو مبارک باد کہ یہ میری کامیابی نہیں پوری قوم کی اجتماعی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے انتہائی ذمہ داری کے ساتھ اس معاملے کو کامیابی تک پہنچانے کے لیے بہت اہم کردار ادا کیا، گرے لسٹ سے نکلنے پر مسائل سے نجات ملے گی، پاکستان کے گرے لسٹ میں آنے سے معاشی مشکلات کم ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ گرے لسٹ کی وجہ سے سرمایہ کاروں اور تجارت کو نقصان پہنچا،فیٹف میں عمران خان نے قانون سازی پر کوئی کردار ادا نہیں کیا، کل خوش قسمت دن تھا جس دن پاکستان گرے لسٹ سے نکلا اور عمران خان جھوٹا ثابت ہوا۔ وزیراعظم نے کہا کہ عمران خان نے دوست ممالک سے ملنے والے تحفے بیچ دیے، عمران خان نے تحفے بیچ کر پوری دنیا میں پاکستان کی بدنامی کرائی، دکان داروں نے سعودی حکومت کو کہا کہ کہیں گھڑی چوری تو نہیں ہوگئی؟ مجھے گھڑی ملی ہے میں نے یہ گھڑی وزیراعظم ہاس میں رکھی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ عمران نیازی بات جمہوریت کی کرتا ہے اور سوچ ڈکٹیٹر کی رکھتا ہے، ہم سرٹیفائیڈ چور کو اسلام آباد میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دیں گے۔