انٹرٹینمنٹ

رشمیکا مندانا کو اداکاری میں کوئی خاص دلچسپی نہیں تھی

رشمیکا مندانا کو اداکاری میں کوئی خاص دلچسپی نہیں تھی

ساوتھ فلم انڈسٹری کی بلاک بسٹر فلم پشپا سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والی اداکارہ رشمیکا مندانا کو اداکاری کا کوئی خاص شوق نہیں تھا۔ گو کہ ان کا تعلق جنوبی بھارتی ریاست کرناٹک سے ہے اور انہوں نے زیادہ تر تامل، تیلگو اور کناڈا زبان کی فلموں میں کام کیا ہے لیکن رشمیکا نے ہندی فلم میں بھی کام کیا اور ان کی بالی ووڈ میں ڈیبیو فلم گڈ بائی ہے، جس میں وہ بالی ووڈ سپر اسٹار امیتابھ بچن اور نینا گپتا کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔ فلم گڈ بائی کے لیے ایک پروموشنل انٹرویو کے دوران رشمیکا نے ماضی کے اس دور کا ذکر کیا جب وہ فریش فیس مقابلوں میں حصہ لیا کرتی تھیں۔ اس انٹرویو کے دوران فلم سیتا رامن میں کام کرنے والی رشمیکا نے مزید کہا کہ انہوں نے کبھی سوچا بھی نہ تھا کہ وہ اداکارہ بن جائیں گی۔ انہوں نے فریش فیس ٹائٹل جیتنے کے حوالے سے بتایا کہ ان کی ایک ٹیچر نے انہیں آگاہ کیا کہ ہم ریاستی اور قومی سطح کے مقابلوں میں شریک ہو رہے ہیں جس پر میں نے کہا کہ ٹھیک ہے اور پھر آخر میں نے یہ ٹائٹل جیت لیا۔ رشمیکا نے بتایا کہ میڈیا نے میری خوب تصاویر چھاپیں۔ بعدازاں جب میں نے کالج جانا شروع کیا تو ایک پروڈکشن ہاوس سے کال آئی جس پر میں سمجھی کہ یہ کوئی جعلی کال ہے، پہلے تو میں نے یہ کہہ کر منع کیا کہ مجھے اداکاری میں دلچسپی نہیں۔ تاہم پروڈکشن کمپنی نے میرے پروفیسر سے رابطہ کیا جنہوں نے مجھے اس آفر کو قبول کرنے کا مشورہ دیا۔ واضح رہے کہ 26 سالہ رشمیکا نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز 2016 میں کناڈا فلم کرک پارٹی سے کیا، جبکہ ان دنوں وہ پشپا ٹو (دی رول) کے لیے شوٹنگ کروا رہی ہیں۔ اس کے علاوہ وہ سدھارتھ ملہوترا کے ساتھ مشن مجنوں اور رنبیر کپور کے ساتھ اینیمل میں کام کی تیاریوں میں ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے