پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران نے کہا ہے کہ میںاپنی قوم کے لیے یہ جنگ لڑ رہا ہوں، یہ اب حتمی اور فیصلہ کن جنگ ہے جس کا آغاز کل ہوگا۔ لاہور بار کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ کل میں حقیقی آزادی مارچ کا آغاز کرنے جا رہا ہوں اور لاہور سے میرے مارچ کا آغاز ہوگا، میں اس قوم کے لیے یہ جنگ لڑ رہا ہوں، لاہور بار بھی اس مارچ میں بھرپور شرکت کرے۔ عمران خان نے کہا کہ پنجاب حکومت کو کہوں گا کہ وکلا پروٹیکشن بل منظور کرے، وکلا کے ہسپتال کے لیے رقم جاری کی جائے۔ دریں اثنا عمران خان کی 90 شاہراہ قائد اعظم میں پارٹی کی سینئر لیڈر شپ کے ساتھ ملاقات ہوئی جس میں اسد عمر، شاہ محمود قریشی، شیخ رشید، عمر ایوب، میاں اسلم اقبال، عمر سرفراز چیمہ بھی شریک تھے۔ ملاقات میں پارٹی قیادت نے لانگ مارچ اور دیگر امور پر مشاورت کی، اس دوران مستقبل کی پالیسی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔