لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کو جی ایچ کیو اور واشنگٹن کی حامل جماعتیں قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسی کو ایوب خان نے مدد دی تو کوئی ضیا الحق، مشرف اور پاشا سے فیض یاب ہوا۔ ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے لاہور کے پاکستان گرانڈ میں پاکستان زندہ باد یوتھ لیڈر شپ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی، پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی واشنگٹن اور جی ایچ کیو کا طواف کرکے اقتدار میں آئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ظالم جاگیرداروں اور کرپٹ سرمایہ داروں پر مشتمل ان حکمران جماعتوں نے قوم کو یرغمال بنایا ہوا ہے، یہ لوگ چیف جسٹس،آرمی چیف اور چیف الیکشن کمشنر اپنی مرضی کا چاہتے ہیں تاکہ ان کی مدد سے اقتدار میں آئیں۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ جرنیلوں نے بار بار آئین کی پامالی کی، غیرت مند قوم پر توشہ خانہ اور خزانے لوٹنے والے لوگوں کو مسلط کیا۔ امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ اب یہ کام بند کرے، قوم کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا، لوگوں کو آزادانہ طریقے سے اپنے نمائندے چننے دیے جائیں، سیاست دانوں کا محاسبہ عوام خود کرلیں گے، جرنیل کشمیر کی آزادی پر توجہ دیں۔ اسٹیبلشمنٹ نے جن لوگوں کو قوم پر مسلط کیا، ان سے یکدم سپورٹ چھین لیں گے تو وہ احتجاج بھی کریں گے اور مجھے کیوں نکالا کا بیانیہ بھی اپنائیں گے۔ ملک بھر سے آئے ہوئے ہزاروں نوجوانوں جن میں خواتین کی بڑی تعداد بھی شامل تھی، شرکا نے قومی اور جماعت اسلامی کے پرچم اٹھائے ہوئے، مختلف ینرز پر اسلامی نظام کے حق میں نعرے درج تھے۔