اسلام آباد: تحریک انصاف نے عمران خان کا مطالبہ پورا ہونے تک ملک گیر احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کردیا جس کے بعد مختلف شہروں میں احتجاج جاری ہے۔ مطابق پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل اسد عمر نے ٹویٹ میں اعلان کیا ہے کہ آج نماز جمعہ کے بعد پورے ملک میں احتجاج ہوگا۔ جب تک عمران خان کا مطالبہ پورا نہیں ہوتا ملک گیر احتجاج جاری رہے گا۔ ان کے بیان کے عین مطابق نماز جمعہ کے بعد سے ملک کے مختلف شہروں میں پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے احتجاج شروع کردیا گیا، سڑکیں بند کردیں گئیں، ٹائر جلائے گئے، بالخصوص وزیراعظم شہباز شریف اور رانا ثنا اللہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ راولپنڈی میں شیخ رشید کے بھتیجے راشد شفیق کی قیادت میں احتجاجی جلوس نکل آیا۔ شرکا نے شدید نعرہ بازی کی اور کمیٹی چوک تک احتجاج کیا۔