اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے قاتلانہ حملے میں زخمی ہونے کے بعد اپنے پہلے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ ان لوگوں نے مجھے سلمان تاثیر کی طرح وزیرآباد یا گجرات میں توہین مذہب کے الزام میں قتل کرنے کا منصوبہ بنایا لیکن اللہ نے ان کی حفاظت کی۔ ٹھیک ہوتے ہی دوبارہ لانگ مارچ بلاؤں گا۔ البتہ تین لوگوں کا استعفی آنے تک ملک گیر احتجاج جاری رہے گا۔ اپنے ویڈیو خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ مجھے 4 گولیاں لگی ہیں، جو حملہ کیا گیا اس کی تفصیلات بعد میں بتاں گا، ملک میں اسٹیبلشمنٹ کو عادت ہوگئی تھی کہ سازش کے تحت تبدیلی لائی جائے لیکن اس مرتبہ قوم نے ان کا ساتھ دینے سے انکار کردیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ داخلی اور خارجی سازش ہوتی ہے اور وہ نیوٹرل ہونے کا دعوی کرتے ہیں، نیوٹرل کا کوئی بھی مطلب لیں، وہ جانتے تھے کہ سازش ہو رہی ہے لیکن راستہ نہیں روکا۔