ڈیرہ اسماعیل خان: پی ڈی ایم کے صدر اور جمیعت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ عمران خان نے معاشرے میں نفرتوں کی جو آگ لگائی اب خود اس آگ میں جلنے والے ہیں۔ میڈیا کو جاری اپنے بیان میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ سیاست میں اندھی مذہبی جنونیت کا استعمال عمران خان کو لے ڈوبے گا، گوجرانولہ کا واقعہ پنجاب کی حدود میں پیش آیا، جہاں پی ٹی آئی کی اپنی حکومت ہے، ملزم کو پی ٹی آئی کارکن نے پکڑ کے پنجاب پولیس کے حوالے کیا، جس نے دوران حراست اپنے جرم کا اعتراف کیا اور بتایا کہ عمران دین کی توہین کے مرتکب ہوئے، اسی بنیاد پر وہ حملہ کرنا چاہتا تھا۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان اور اس کے رفقا بلا تحقیق وزیراعظم، رانا ثنا اللہ اور افسران پہ الزام لگا کر اشتعال پھیلا رہے ہیں، جس سے معاملہ مشکوک ہو گیا،اس معاملہ کی اعلی سطح پر تحقیقات ضروری ہو گئی ہے تاکہ قوم کو اصل حقائق سے باخبر رکھا جا سکے۔