اسلام آباد/ریاض: سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم محمد بن سلمان کے رواں ماہ دورہ پاکستان کا امکان ہے جس میں 4.2 ارب ڈالر کے معاہدے اور ایم او یوز ہونے کی توقع ہے۔ سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان 21 نومبر کو پاکستان کا دورہ کریں گے، رواں ہفتے کے آخر میں سعودی عرب کی خصوصی سیکیورٹی ٹیم پاکستان پہنچے گی۔ سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی خصوصی سیکیورٹی ٹیم محمد بن سلمان کے دورے کے حوالے سے سیکیورٹی انتظامات کا حتمی جائزہ لے گی۔ دونوں ممالک کے درمیان اربوں ڈالر مالیت کے معاہدے ہونے کی توقع ہے۔ سرمایہ کاری کے معاہدوں اور ایم او یوز کو حتمی شکل دینے کے لیے سعودی ولی عہد کے دورے کی تیاریاں اہم مرحلے میں داخل ہوگئیں۔ اس حوالے سے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت کل منگل کو چار بجے اہم اجلاس منعقد ہوگا۔