اسلام آباد(سٹی رپورٹر)ٹیوٹا ملازمین کا اپنے مطالبات کے حق میں دھرنا چھٹے روزبھی جاری رہا ،ٹیوٹا انتظامیہ کی بے حسی اور انتقامی کارروائیوں کی وجہ سے ملازمین اپنا دھرنا جاری رکھے ہوئے ہیں ،پاکستان بھر کے مزدورٹیوٹا ملازمین کے مطالبات کے حق میں شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ان خیالات کااظہارپاکستان ورکرزفیڈریشن کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمدیٰسین،جنوبی پنجاب کے صدر محمد مختاراعوان،چیئرمین عبدالرحمن عاصی،نیشنل کوآرڈینیٹر شوکت علی انجم و دیگر نے ٹیوٹا ملازمین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کیا۔انھوں نے کہا کہ ٹیوٹا کے ملازمین اپنے مطالبات کے حق میں جمہوری طریقے سے احتجاج کر رہے ہیں لیکن ٹیوٹا انتظامیہ مذاکرات کی بجائے انتقامی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے جو لیبر قوانین اور عالمی ادارہ محنت کے کنونشنز کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے پاکستان بھر کے مزدور ٹیوٹاملازمین کے ساتھ کھڑے ہیں ۔اس موقع پر انھوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب،سیکرٹری لیبر ڈیپارٹمنٹ،ٹیوٹا انتظامیہ اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیاکہ ٹیوٹا ملازمین کے ساتھ فوری مذاکرات کیے جائیں اور تمام مطالبات کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جائے تاکہ صوبے میں صنعتی امن قائم رہ سکے ،اگر ٹیوٹا انتظامیہ نے اسی طرح ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیاتو ملک بھر کے مزدورسراپا احتجاج ہونگے اور تمام شہروں میں ٹیوٹا انتظامیہ کے خلاف مظاہرے اور احتجاج کیے جائیں گے ۔