پنجاب کے شہر گجرات میں پاکستان تحریکِ انصاف کے لانگ مارچ کی سیکیورٹی کے لیے پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی۔ گجرات میں اندرونِ شہر جی ٹی روڈ پر راستوں کو بند کیا جا رہا ہے۔ رام تلائی چوک اور جی ٹی ایس چوک کی طرف جانے والے تمام راستے بھی بند کر دیے گئے ہیں۔ اندرونِ شہر دکانیں اور پیٹرول اسٹیشن بند ہیں، لانگ مارچ کے روٹ پر تعلیمی ادارے بھی آج بند ہیں۔ دوسری جانب وزیرِ اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی و پنجاب حکومت کی ترجمان مسرت جمشید چیمہ کا جاری کیے گئے بیان میں کہنا ہے کہ گزشتہ روز حقیقی لانگ مارچ کا وزیر آباد سے دوبارہ آغاز ہو گیا۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ عوام نے خوف کے تمام بت توڑتے ہوئے ایک بار پھر مارچ میں بھرپور شرکت کی ہے۔ مسرت جمشید چیمہ نے یہ بھی کہا ہے کہ آج گجرات کا حقیقی آزادی مارچ غاصب حکمرانوں کے خلاف عوام کا پیغام ہو گا۔