کراچی: عالمی منڈی میں سونے کی فی اونس قیمت میں 18 ڈالر اضافے کے باعث مقامی صرافہ بازاروں میں سونے کی قیمتوں میں فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 1000روپے اور 851روپے کا اضافہ ہوگیا۔ بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 18 ڈالر کے اضافے سے 1775 ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی جس کے بعد مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی سونے کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا۔ رپورٹ کے مطابق منگل کو فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 1000 روپے اور 851 روپے کا اضافہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر 157000 روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت بھی بڑھ کر 134602 روپے کی سطح پر آگئی۔تاہم اسکے برعکس فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 1680 روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت بھی بغیر کسی تبدیلی کے 1440.32 روپے کی سطح پر مستحکم رہی۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں 14 ڈالر کمی واقع ہوئی تھی اس کے باوجود مقامی صرافہ مارکیٹ میں فی تولہ اور دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 100 روپے اور 84 روپے کا اضافہ نظر آیا۔