اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان، جسٹس عمر عطا بندیال نے لانگ مارچ کے خلاف درخواست کی سماعت میں ریمارکس دیے ہیں کہ لانگ مارچ سیاسی مسئلہ ہے جس کا سیاسی حل ہو سکتا ہے۔ سینیٹر کامران مرتضی کی جانب سے عمران خان کا لانگ مارچ روکنے سے متعلق درخواست پر سماعت کے دوران عدالت نے استفسار کیا کہ کیا عمران خان کے لانگ مارچ کے لیے جگہ کا تعین کیا گیا ہے؟ انتظامیہ سے پوچھ کر عدالت کو آگاہ کیا جائے۔ سپریم کورٹ نے ایڈشنل اٹارنی جنرل کو آدھے گھنٹے میں انتظامیہ سے پوچھ کر بتانے کا حکم دے دیا۔ درخواست گزار کامران مرتضی نے عدالت کو بتایا کہ 2 ہفتے سے عمران خان کا لانگ مارچ شروع ہے۔فواد چودھری کے مطابق جمعہ، ہفتے کو لانگ مارچ اسلام آباد پہنچے گا۔لانگ مارچ سے معمولات زندگی متاثر ہو سکتے ہیں۔ لانگ مارچ پی ٹی آئی کا حق ہے لیکن عام آدمی کے حقوق متاثر نہیں ہونے چاہییں۔