کراچی: انٹر بینک کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کا ریٹ 49پیسے کے اضافے سے 223.66روپے ہوگیا ہے۔ زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں ڈالر کی پرواز جاری رہی، اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 1.05روپے کے اضافے سے 231روپے کی سطح پر بند ہوئی۔ انٹربینک مارکیٹ میں کاروباری دورانئیے کے دوران ڈالر کی قدر ایک موقع پر 83پیسے کے اضافے سے 224روپے کی سطح تک ریکارڈ کی گئی۔ ماہرین کاکہنا ہے کہ دسمبر میں میچور ہونے والے پاکستان کے عالمی بانڈز کی ایلڈ مزید بڑھکر 120فیصد تک پہنچ گئی ہے جبکہ روشن ڈیجیٹل اکانٹ میں 30مارچ تک اوورسیز پاکستانیوں کے انفلوز کی مالیت 1.42ارب ڈالر تک پہنچ گئی تھی لیکن غیریقینی سیاسی ومعاشی حالات کے سبب گذشتہ چھ ماہ میں ڈپازٹس کے انخلا کے سبب آر ڈی اے میں ڈپازٹس کی مالیت گھٹ کر 76کروڑ 30لاکھ ڈالر کی سطح پر آگئی ہے۔ ماہرین اقتصادیات کاکہناہے کہ کرنٹ اکانٹ خسارے پر اگرچہ کافی حد تک قابو پالیا گیا ہے لیکن غیریقینی سیاسی حالات, آئی ایم ایف ریویو میں تاخیر اور 800ارب کے نئے ٹیکسز عائد کرنے کی شرائط نے تجارت وصنعتی شعبوں کو اضطراب سے دوچار کردیا ہے۔