کراچی: وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ 5 سال میں ملک سے سود کا خاتمہ ہو سکتا ہے۔ اسحاق ڈار نے کراچی میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) اور مرکز الاقتصاد الاسلامی کے زیر اہتمام حرمت سود کے عنوان سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سود کے ذریعے پیسہ کمانا آسان ہو جاتا ہے لیکن یہ جائز نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں رائج سود کے نظام کو ختم کرنا ہے، اگر ہم خلوص نیت سے صرف اللہ کی رضا کے لیے فیصلہ کریں تو 5 سال میں ملک سے سود کا خاتمہ ہو سکتا ہے، زکو و عشر کا نظام اپنانا چاہیے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ پچھلی حکومت میں میری سیکرٹری خزانہ کو ہدایات تھیں کہ قرضہ لینے کیلیے پہلی ترجیح اسلامی بانڈز سکوک کے ذریعے قرضہ لیں، اگر ان کے پاس پیسے نہ ہوں تو مجبوری ہے، ظاہر ہے ریاست کا کاروبار تو بند نہیں ہوسکتا، ملک میں رائج سود کے نظام کو ختم کرنا ہے، اللہ کرے میرے پاس ایسا جادو ہو کہ میں ایک ہفتے، ایک ماہ میں سود ختم کردوں، لیکن ریاست کا کاروبار ہے جس میں سود 75 سال سے جاری ہے۔