آزاد جموں و کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں دوسرے مرحلے میں پولنگ کا عمل جاری ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق دوسرے مرحلے کے دوران پونچھ ڈویژن میں 10 لاکھ 17 ہزار 375 رجسٹرڈ رائے دہندگان اپنا ووٹ ڈالنے کا حق استعمال کریں گے۔ ان ووٹرز میں 5 لاکھ 37 ہزار 159 مرد اور 4 لاکھ 79 ہزار 854 خواتین رائے دہندگان شامل ہیں۔ پونچھ ڈویژن کے 4 اضلاع (باغ، پلندری، حویلی اور راولاکوٹ) کی 88 یونین کونسلز، 4 ضلع کونسلز، 2 میونسپل کارپوریشنز، میونسپل کمیٹیوں اور 5 ٹان کمیٹیوں کے کل 787 وارڈز سے 1820 آزاد اور 15 سیاسی پارٹیوں کے 2039 نامزد امیدوار (مجموعی تعداد 3859) کے مابین مقابلہ جاری ہے، جن میں 8 خواتین بھی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ بلدیاتی الیکشن کے سلسلے میں پونچھ ڈویژن میں 12 امیدوار پہلے ہی بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔