اسلام آباد: قومی اقتصادی کونسل کی انتظامی کمیٹی(ایکنک) نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں تعمیر نو و بحالی سمیت مختلف شعبوں کیلئے مجموعی طور پر 414.90 ارب روپے سے زائد مالیت کے دس ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی۔ قومی اقتصادی کونسل کی انتظامی کمیٹی(ایکنک) کا اجلاس منگل کو وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت منعقد ہوا اجلاس میں ایکنک نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں تعمیر نو و بحالی کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دیدی ہے۔ ایکنک نے 36.21 ارب روپے مالیئت کے این فائیو روڈ کی تعمیر نو و بحالی کے منصوبے کی منظوری دیدی ہے، اس منصوبے کے تحت مورو سے راجن پور تک 318 سے چار سو کلو میٹر تک کی سڑک اور پلوں کی تعمیر نو و بحال کئے جائیں گے، اس منصوبے کیلئے 32.5 ارب روپے غیر ملکی فنانسنگ سے حاصل کئے جائیں گے اور یہ فنڈز ایشیائی ترقیاتی بینک فراہم کرے گا جب کہ 3.6 ارب روپے مالیت کے دس فیصد فنڈز حکومت پاکستان فراہم کرے گی۔ یہ سڑک رانی پور سے مورو تک نیشنل ہائی وے این فائیو کے سیلاب سے تباہ شدہ حصے پر مشتمل ہے جس میں پل کا حصہ سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں نیشنل ہائی وے نیٹ ورک پر پلوں پر مشتمل ہے۔