ماسکو / واشنگٹن / ابوظبی: روس نے اولمپک گولڈ میڈلسٹ، امریکی باسکٹ بال اسٹار برٹنی گرائنر کو امریکا میں قید روسی سابق اسلحہ ڈیلر وکٹر بوٹ کے تبادلے میں رہا کردیا۔ قیدیوں کا تبادلہ جمعرات کے روز ابوظبی ائرپورٹ پر ہوا۔ دونوں ممالک کے مابین قیدیوں کا تبادلہ گزشتہ 8 ماہ کے دوران دوسری بار ہوا ہے۔ واضح رہے کہ روس کی یوکرین پر حملے کے بعد سے امریکا کے ساتھ کشیدگی بھی جاری ہے۔ قیدیوں کے تبادلے سے متعلق امریکی صدر جو بائیڈن نے ٹوئٹر کے ذریعے اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ وہ طیارے میں محفوظ ہیں اور اپنے وطن واپس لوٹ رہی ہیں۔ امریکی کانگریس کے ارکان، کھلاڑیوں اور دیگر افراد نے برٹنی گرائنر کی رہائی پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ دوسری جانب روس کی جانب سے قیدیوں کے تبادلے کی تصدیق کردی گئی ہے۔ اس سلسلے میں روسی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں وکٹر بوٹ کے پہنچنے کی اطلاع دی ہے۔عالمی میڈیا پر جاری ویڈیوز میں گرائنر کو روسی طیاریسے ابوظبی کے ائرپورٹ پر اترتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جہاں امریکی حکام ان کا استقبال کررہے ہیں۔دریں اثنا روسی حکام موت کے سوداگر کے نام سے مشہور وکٹر بوٹ کا استقبال کررہے ہیں۔