لاہور: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ منشیات کیس میں بری ہوگئے۔ انسداد منشیات کی خصوصی عدالت لاہور نے منشیات برآمدگی کیس کی سماعت کی تو رانا ثنااللہ سمیت دیگر ملزمان نے پیش ہوکر حاضری لگوائی۔ عدالت نے پراسیکیوشن کو رانا ثنااللہ کے بینک اکانٹس کھولنے کی متفرق درخواست پر جواب جمع کروانے کی ہدایت کردی۔ وفاقی وزیر داخلہ نے مقدمے سے بریت کی درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ استغاثہ کے پاس ٹھوس شواہد موجود نہیں ہیں، سیاسی بنیادوں پر یہ مقدمہ درج کیا گیا، کیس کمزور ہے جس میں سزا کا امکان نہیں ہے، عدالت بری کرنے کا حکم دے۔ انسداد منشیات کی خصوصی عدالت نے رانا ثنااللہ کی بریت کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں اور تمام شریک ملزمان کو بری کر دیا۔ پیشی کے بعد وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف سے درخواست کی ہے کہ واپس آکر الیکشن مہم چلائیں، انہوں نے ہماری درخواست کو منظور کرلیا ہے ، وہ جلد وطن واپس آئیں گے۔ رانا ثنااللہ نے کہا کہ نیازی یہ ڈارمہ چھوڑو اور اسمبلی توڑو، تحریک انصاف ا بھی تک اسمبلی توڑنے کا فیصلہ نہیں کرسکی۔