اسلام آباد: وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ عمران نیازی پارلیمانی نظام جمہوریت پر حملے کی تیاریاں کر رہا ہے، خبردار کرتا ہوں کہ عمران نیازی معیشت دشمن ایجنڈے سے باز آ جائے۔ رانا ثنااللہ نے بیان میں کہا کہ عمران نیازی پارلیمانی نظام جمہوریت پر حملے کی تیاریاں کر رہا ہے، خبردار کرتا ہوں کہ وہ معیشت دشمن ایجنڈے سے باز آ جائے، ملکی سلامتی کو کمزور کرنے کی ہرایک مذموم سازش کو ناکام بنائیں گے ۔ رانا ثنااللہ نے کہا کہ حکومت کو بلیک میل کرنے، اسلام آباد پر مسلح جتھوں کے ذریعے حملہ کرنے اور اپنے مذموم سیاسی ایجنڈے کو نافذ کرنے میں بری طرح ناکامی کے بعدعمران خان اب پارلیمانی نظام جمہوریت پرحملہ آور ہونے پر تلا ہواہے۔ رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ کسی آئینی اور قانونی جواز کے بغیر محض اپنے مذموم سیاسی مقاصد اور ملک دشمن بیرونی ایجنڈے کی تکمیل کیلئے اگر ہم نے ایک مرتبہ حملے کو کامیاب ہونے دیا تو پھر باربار یہ عمل دہرایا جائے گا۔