چمن: چمن میں پاک افغان سرحد پر ایک بار پھر فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ شروع ہوگیا، سرحد پار سے افغان فورسز کی فائرنگ سے 10 پاکستانی شہری زخمی ہوگئے۔ چمن میں پاک افغان سرحد پر پاکستان اور افغان فورسز کے درمیان فائرنگ جاری ہے، پاک افغان بارڈر کلی شیخ لعل محمد باڑ پر تنازع کے بعد فائرنگ شروع ہوئی۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سرحد پار فائرنگ سے دس پاکستانی شہری زخمی ہوگئے۔ ڈی ایچ کیو اسپتال کے ایم ایس نے تصدیق کی ہے کہ چمن فائرنگ کے 10 زخمی ہسپتال لائے گئے ہیں۔ اطلاعات ہیں کہ ہتھیاروں کے استعمال کے سبب ہونے والے دھماکوں کی آوازیں چمن شہر میں سنی جارہی ہیں جس سے عوام میں خوف و ہراس پیدا ہورہا ہے۔ انتظامیہ نے پاکستان کی جانب سے چمن شہر میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کیے ہیں اور عوام کو بارڈر علاقوں سے دور رہنے کی اپیل بھی کی ہے۔