لاہور میں سردی کے دوران دل کے امراض بڑھنے لگے۔ ایک اندازے کے مطابق سردیوں میں ہارٹ اٹیک کے کیسز میں 50 فیصد تک اضافہ ہوجاتا ہے۔ لاہور میں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ایمرجنسی دل کے مریضوں سے بھری ہوئی ہے، رش اتنا کہ تل دھرنے کی جگہ نہیں۔ کرسیوں اور وہیل چیئرز پر بھی مریض ہی مریض ہیں۔ ماہرین کے مطابق سردیوں میں دل کی شریانیں تنگ ہوجانے کے باعث ہارٹ اٹیک کیسز تیزی سے بڑھ جاتے ہیں۔ سرد موسم میں دل کی تکلیف سیاموات کی شرح بھی بڑھ جاتی ہے۔ سربراہ پی آئی سی پروفیسر بلال محی دین کا کہنا ہے کہ سخت سردی میں ہر منٹ بعد دل کی تکلیف کا ایک مریض رپورٹ ہوتا ہے۔ سردیوں میں گرم کپڑوں سے اجتناب، تقریبات میں مرغن غذاوں کا استعمال ہارٹ اٹیک کی وجہ بنتا ہے۔ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے مطابق سردیوں میں اسپتال کے بستروں میں اضافہ کردیا جاتا ہے۔