کراچی / لاہور / راولپنڈی: پاکستان میں نئی امیدوں اور عزم کے ساتھ نئے سال 2023 کا آغاز ہوگیا۔ پاکستان میں نئے سال کا جشن بھرپور طریقے سے منایا گیا اور رات بارہ بجتے ہی ملک بھر میں شاندار آتش بازی کے ساتھ سال 2023 کو خوش آمدید کیا گیا۔ پاکستان کے مختلف شہروں میں سال نو کی آمد کے حوالے سے رنگارنگ تقاریب منعقد ہوئیں، جشن کی سب سے بڑی تقریب بحریہ ٹان کراچی 2 میں ہوئی جہاں شاندار آتش بازی کی گئی اور میوزیکل کنسرٹ منعقد کیا گیا، جس میں نامور گلوکار عاطف اسلم نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ جشن میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ علاوہ ازیں بحریہ ٹان راولپنڈی اور لاہور ایفل ٹاور میں بھی شاندار تقریب کا مظاہرہ کیا گیا جہاں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا، جس کے باعث آسمان رنگ و نور کی روشنی سے جگمگا اٹھا۔