موسم سرما کے آتے ہی سبزیوں کی بہار آجاتی ہے، سبزیوں کی دکان مختلف اور نت نئی سبزیوں سے سج جاتی ہے جن میں سے ایک پھلیوں میں شمار کی جانے والی سبزی مٹر ہے۔ گھر کے بڑے ہوں یا بچے ہر کوئی مٹر کے شوقین ہوتے ہیں یہ ہی وجہ ہے کہ امور خانہ انجام دینے والے موسم سرما میں سال بھر کے لئے مٹر کا اسٹاک جمع کرلیتے ہیں۔ چھوٹے چھوٹے موتیوں کی مانند یہ دانے جتنے ذائقہ دار ہوتے ہیں اس کے اتنے ہی طبی فوائد بھی ہیں، چند طبی فوائد درج ذیل ہیں۔ مٹر میں آئرن، زنک اور کاپر موجود ہوتے ہیں، جو سرد موسم میں جسم کو ضروری غذائی اجزا فراہم کرتے ہیں، اس کے ساتھ ساتھ مٹر میں کافی مقدار میں اینٹی آکسیڈنٹس پائے جاتے ہیں جو قوت مدافعت کو مضبوط بناتے ہیں۔