میرپور خاص: سندھ کے ضلع میرپور خاص کے علاقے گلستان بلدیہ میں سستا آٹا خریدنے کا خواہش مند مزدور بھگدڑ مچنے اور لوگوں کے نیچے دبنے سے جاں بحق ہوگیا جبکہ نوابشاہ میں بچی سمیت تین خواتین ہجوم کے پیروں تلے دب گئیں۔ محکمہ خوراک سندھ کی جانب سے میرپور خاص کے علاقے گلستان بلدیہ میں سرکاری نرخ پر سستا آٹا ٹرک پر فروخت کیا جارہا تھا، جس کے حصول کے لیے شہری بڑی تعداد میں باہر نکلے۔ خواتین اور نوجوانوں نے ٹرک پر چڑھ کر آٹا حاصل کرنے کی کوشش کی تو ڈرائیور نے ٹرک چلا دیا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زمین پر گرے اور پھر وہاں بدنظمی ہوئی اور کئی لوگ نیچے گر گئے جس کے نتیجے میں 8 بچوں کا باپ اور مزدور ہرسنگ پولی لوگوں کے نیچے دب کر جاں بحق ہوگیا۔